بڈگام، بارہمولہ، پلوامہ، اننت ناگ : وادی کشمیر کے طول و ارض میں ماحولیات کے عالمی دن کی نسبت سے تقاریب، ریلیز، سیمنارز اور مختلف آگاہی پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ماہرین نے ماحولیات کے تئیں عوام الناس پر عائد ذمہ داریوں کے بارے میں بات کی وہیں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی بھی تلقین کی گئی۔
پانپور، پلوامہ کے نجی اسکول میں تقریب
ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے میں برلا اوپن مائنڈس نامی ایک نجی اسکول میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں علاقے کے مختلف اسکولوں سے مدعو کیے گئے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ماہرین نے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے شرکاء کو ضروری جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’’جنگلات کا وسیع پیمانے پر صفایا، چاروں اطراف گاڑیوں کا دھنوا، جگہ جگہ گندگی اور کوڑا کرکٹ نے ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے جس وجہ سے ہمارا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔‘‘ ماہرین نے شرکاء سے کہا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں تاکہ ہمارا مستقبل بھی ایک خوشگوار ماحول میں گزر بسر ہو سکے۔ پروگرام کے دوران اسکولی بچوں کے مابین پینٹنگ مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
بارہمولہ میں تقریب
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر آج گورنمنٹ بائز ہایئر سکینڈری اسکول سوپور میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ماحولیات کی پاکیزگی کے حوالے سے حلف برداری کی ایک پر وقارتقریب منعقد کی گئی جس میں اسکول کے طلبہ، اساتزہ اور پرنسپل سمیت غیر تدریسی عملہ نے بھی شرکت کی۔ بعد دوپہر اسکول کے بچوں کو ماحولیات کے بچاؤ اوربہتری سے آشنا کرانے کی غرض سے ننگلی، سوپور کی جانب ایک ’’نیچر واک‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے دریائے جہلم کے کنارے ایک صفائی مہم میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
بیروہ، بڈگام میں ریلی
ہر سال عالمی یوم ماحولیات ایک مخصوص تھیم کے گرد مرکوز رہتا ہے جس کے ذریعے لوگوں کو ماحولیاتی مسائل کے کسی مخصوص پہلو کی جانب توجہ دلائی جاتی ہے۔ اس ضمن میں میونسپل کمیٹی بیروہ نے قصبے کے مختلف اسکولوں کے اشتراک سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں ایک سو سے زائد طلباء نے شرکت کی۔
پروگرام کا انعقاد طلباء نے گلی کوچوں سے ریلی برآمد کرکے کیا اور انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ماحولیات کو بچانے اور گندگی کو نہ پھیلانے سے متعلق پیغامات درج تھے۔ یہ ریلی ٹاؤن ہال بیروہ پر ختم ہوئی جہاں ایک تقریب منعقد ہوئی اور طلباء نے عالمی یوم ماحولیات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فرح نامی ایک طالبہ نے کہا: ’’آج کا دن عالمی یوم ماحولیات کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ ہمیں آس پڑوس کو ہر طرح کی آلودگی سے بچانا ہے۔‘‘ فرح کا مزید کہنا تھا کہ ’’ماحولیاتی آلودگی میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، گلوبل وارمنگ ایک عالمی مسئلہ بند چکا ہے جس کے لئے ہمیں جنگلوں کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔‘‘
بجبہاڑہ میں تقریب منعقد
عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گورنمنٹ بائز ماڈل ہائر سیکنڈری سکول، بجبہاڑہ میں بھی ایک سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کے علاوہ ڈی ایف او لیدر شمع روحی اور ڈی ایف او سوشل فارسٹری غزالہ عبداللہ بھی موجود رہیں۔ علاوہ ازیں مقامی باشندوں خاص کر طلبہ و طالبات کی خاصی تعداد نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
سیمینار کے دوران ماہرین نے ماحول کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلباء کو مختلف طریقوں سے ماحول کی حفاظت کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ مقررین نے ماحولیات کی بگڑتی ہوئی صورتحال، جنگلات میں سبز سونے کی لوٹ، آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر گفتگو کی۔ طلباء کو بتایا گیا کہ وہ کس طرح چھوٹے چھوٹے اقدامات کے ذریعے بڑے پیمانے پر تبدیلی لا سکتے ہیں۔
تقریب میں ماحول دوست سرگرمیوں خاص کر درخت لگانے، کچرے کی مناسب تلفی، پانی کی بچت اور توانائی کے محتاط استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ ماہرین نے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی جن میں طلباء عملی طور پر حصہ لے سکتے ہیں۔ طلبا سے وعدہ لیا گیا کہ وہ ماحول کی بہتری کے لیے اپنے کردار کو پہچانیں گے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے تاکہ مستقبل میں ایک صحت مند اور صاف ستھرا ماحول ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فلمی ستاروں نے ماحول کی تحفظ کے لیے عوام سے اپیل کی - World Environment Day 2024