ترال : نیشنل کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے نہرو اور گاندھی کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا تھا، مودی کے ہندوستان کے ساتھ نہیں۔ کیونکہ مودی کا ہندوستان صرف ایک طبقے کی فلاح و بہبود کا ضامن ہے جبکہ نہرو کے ہندوستان میں سب مذاہب کے لوگ برابر درجہ رکھتے تھے۔ ڈاکٹر فاروق آج جنوبی کشمیر کے ترال میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہےتھے جہاں وہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار براے پارلیمانی حلقہ سرینگر آغا روح اللہ کے حق میں ووٹ مانگ رہے تھے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اُن سازشی عناصر کو ووٹ نہ دیں جو درد پردہ بھاجپا کی حمایت کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبدللہ نے مزید بتایا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ سے ہی جموں وکشمیر کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے قربانی دی ہے اور جب نوے کی دہائی میں یہاں حالات خراب ہوگیے تب نیشنل کانفرنس نے ہی مشکل حالات میں ریاست کو سنبھالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کے تییں نفرت کا بازار گرم ہے اور بھاجپا مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔ اسلیے وقت کی ضرورت ہے کہ ان عناصر کو ووٹ کے ذریعے جواب دیا جائے تاکہ ملک میں سیکولر فضا بحال ہوسکے۔ اس موقع پر نامزد امیدوار آغا روح اللہ مہدی، ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی، ڈاکٹر غلام نبی بٹ، خالد نجیب سہروردی، جگدیش سنگھ آزاد، کانگریس لیڈران سریندر سنگھ چنئ، ڈاکٹر فاروق آغا اور شمیمہ رینہ بھی موجود تھیں۔ قابل ذکر ہے کہ حسنین مسعودی لمبے وقت کے بعد سیاسی جلسوں میں نظر آئے۔