سرینگر (جموں وکشمیر) :نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کی شام واضح کیا کہ ان کے والد فاروق عبداللہ کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس انڈیا الائنس کے ساتھ ہے اور رہے گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی اے کے ساتھ جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے بیان کو کچھ لوگوں نے توڑ مروڑ کر ایک الگ انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہیں کہ انڈیا الائنس کو چھوڑ کر نیشنل کانفرنس این ڈی اے کے ساتھ رشتہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں جو سراسر غلط اور حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ ہم انڈیا الائنس کے ساتھ ہے اور رہیں گے ، جہاں تک جموں وکشمیر اور لداخ کی چھ پارلیمانی نشستوں کا سوال ہے تو ان میں سے پہلے ہی تین سیٹیں انڈیا الائنس کے پاس ہیں، لہذا ان سیٹوں پر بات چیت کرنے کا کوئی مقصد نہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ کشمیر کی تین نشستوں پر نیشنل کانفرنس نے جیت حاصل کی ہوئی ہے، لہذا ان سیٹوں پر گفت وشنید کرنے کا کوئی مقصد ہی نہیں ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ادھمپور ، جموں اور لداخ کی تین نشستوں پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سیٹ شیئرنگ مسئلے پر نیشنل کانفرنس کے ساتھ رابط قائم کیا ہے اور اس پر بات چیت ہو رہی ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے مزید کہا کہ حقیقت یہی ہے جب الائنس میں الیکشن لڑنے سے پارٹی کو خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے، لیکن بڑے مقصد کو حاصل کرنے کی خاطر چھوٹی قربانی دینی پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بی جے پی کو تین نشستوں پر روکنا ہے، تو ہم یہ قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ۔ ان کے مطابق بڑے مقصد کے حصول کے لئے چھوٹی قربانی دینی پڑتی ہیں۔
عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ این ڈی اے کے ساتھ رشتہ جوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ نیشنل کانفرنس وہ پارٹی نہیں جو دو کشتیوں میں سوار ہو۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑے گی، فاروق عبداللہ
غور طلب ہے کہ جموں کشمیر کی پانچ نشستوں پر کانگریس اور پی ڈی پی نیشنل کانفرنس کے ساتھ مل کر متحدہ پارلیمانی انتخابات لڑنا چاہتے ہیں اور سیٹ شئیرنگ پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں۔ پی ڈی پی اننت ناگ - راجوری نشست پر انتخابات لڑنا چاہتی ہے اور کانگریس جموں، ادھمپور اور اننت ناگ - راجوری سیٹ پر انتخابات لڑنا چاہتی ہے، جبکہ نیشنل کانفرنس سرینگر، کپواڑہ اور اننت ناگ - راجوری سیٹ پر انتخابات لڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہے،لیکن ابھی تک ان پارٹیز کے مابین اس اجسمنٹ پر کوئی مفاہمت نہیں ہوئی ہے۔ تاہم یہ بات فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے دہرائی ہے کہ تین سیٹوں - سرینگر، بارہمولہ اور اننت ناگ راجوری سیٹ - پر وہ کوئی سمجھوتہ یا گفتگو نہیں کریں گے۔