اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے سے بہنے والا نالہ برنگی کسی تعارف کا محتاج نہیں، کیونکہ یہ نالہ ہزاروں کنال زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کی پیاس بھی بجھاتا ہے۔ محکمہ آبپاشی نے اس نالے کی مدد سے کئی چھوٹی چھوٹی نہریں بھی تعمیر کی ہیں جو اننت ناگ کے مختلف علاقوں کو سیراب کرتی ہیں۔ انہیں نہروں میں برنگی کنال بھی شامل ہے، جو دیولگام سے شروع ہوکر کئی چھوٹے بڑے علاقوں کو سیراب کرتا ہے، تاہم کوڑا کرکٹ انڈیلنے کی وجہ سے نالہ کا پانی آلودہ ہو چکا ہے جبکہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے اس نالہ کو صاف کرنے کے لئے صفائی مہم بھی انجام دی جاتی ہے۔
محکمہ آبپاشی کے ملازمین کا کہنا ہے کہ ماضی قریب میں یہاں کے لوگ ان ہی ندی نالوں کا پانی پینے اور دیگر ضروریات کے لیے بہ آسانی استعمال میں لاتے تھے، تاہم دور جدید میں فضلات، کوڑا کرکٹ ندی نالوں کے حوالے کیا جاتا ہے جس سے ان کا پانی آلودہ ہو چکا ہے۔ وہیں پالی تھین اور پلاسٹک پر پابندی ہونے کے باوجود بھی اس کا بے تحاشا استعمال جاری ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف یہاں کے ندی نالے آلودگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے ہیں بلکہ یہاں کی زرخیز زمین بنجر ہونے کے درپے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم تقریباً روزانہ برنگی کنال کی صفائی کرتے ہیں تاہم دوسرے ہی روز یہاں کے لوگ مذکورہ کنال کو آلودہ کرتے ہیں اور کوڑا کرکٹ اسی میں انڈیل دیتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کوکرناگ کے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس سرمایہ کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی رول نبھائیں تاکہ لوگوں تک صاف ستھرے پانی کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ بہت سے ادارے اور تنظیمیں ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لیکن ہر ایک فرد کو ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ ماحول کو صاف و شفاف رکھنا ایک اخلاقی فریضہ ہے۔ حکومتوں، صنعتوں اور سماج کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جانداروں کی صحت اور ماحولیات کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ماحولیاتی نظام کی بگڑتی صورتحال پر لوگ افسوس تو کرتے ہیں تاہم ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ لوگ انتہائی اہم مقامات پر کوڑا کرکٹ جمع کرتے ہیں، کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لیے لوگ اکثر و بیشتر، رابطہ سڑکوں یا ندی نالوں کا انتخاب کرتے ہیں، جس سے نہ صرف آبی وسائل کو آلودہ کیا جا رہا ہے بلکہ قدرتی خوبصورتی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ یہ عمل مختلف وبائی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا سبب بن جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نالہ برنگی میں غیر قانونی کھدائی کا الزام، حکام نے کیا تحقیقات کا وعدہ