بانڈی پورہ (جموں کشمیر) : محکمہ اسکول ایجوکیشن، بانڈی پورہ میں زونل ایجوکیشن آفیسرز (ZEOs) کی خالی اسامیاں سمبل اور حاجن زون میں انتظامی کمزوری کو اجاگر کر رہی ہیں۔ گزشتہ چھ ماہ سے یہ عہدے خالی پڑے ہیں، کیونکہ اس سے قبل افسران ریٹائر ہو چکے ہیں اور تا حال ان کی جگہ کسی کو بھی تعینات نہیں کیا گیا۔
مقامی باشندوں نے ان خالی اسامیوں کی وجہ سے تعلیمی شعبے میں پیدا ہونے والے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامی معاملات میں تاخیر سے طلبہ اور اساتذہ دونوں مشکلات کے شکار ہو رہے ہیں۔ ضلع بانڈی پورہ کے سمبل اور حاجن علاقے کے رہائشیوں نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے خالی پڑی ان اسامیوں کو پر کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سمبل کے ایک رہائشی نے کہا: ’’ZEO کی عدم موجودگی سے اسکولوں کی نگرانی اور دیگر تعلیمی امور بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں، جس سے بچوں کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔‘‘ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے تعلیمی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ زونل سطح پر تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پونچھ، 80 طلبہ کے لیے ایک استاد -