بانڈی پورہ: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے کلوسہ علاقے میں شبانہ آتشزدگی میں دو دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ دوران شب سیف الدین شاہ نامی ایک شخص کی درزی کی دکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آنا فاناً دوسری منزل میں ایک اور دکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آتشزدگی میں دونوں دکانیں خاکستر ہو گئیں۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اطلاع فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ مشتاق احمد نامی ایک اور متاثرہ نے بتایا کہ انہوں نے رات کے دو بجے آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، تاہم جب وہ موقع پر پہنچے تب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تھا اور آگ نے دونوں دکانوں اور ان میں موجود املاک کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا تھا۔ تاہم آگ کے سبب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مشتاق احمد نے بتایا کہ عمارت کو شدید نقصان پہنچنے کے علاوہ دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی املاک بھی خاکستر ہو گئیں۔ مقامی باشندوں نے حکام سے متاثرین کی بازآبادکاری اور فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک آر ٹی آئی میں محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران آتشزدگی کی مختلف واردات میں قریب پانچ سو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ محکمہ فائر ایند ایمرجنسی کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں آتشزدگی کی اکثر واردات سرما میں رونما ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آتشزدگی کے دوران 6 برسوں میں486 ہلاکتیں - deaths during fire incidents