بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو چرس سمیت ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پولیس اسٹیشن کنزر کی ایک ٹیم نے ملگام - اولورہ لنک روڑ پر ناکہ قائم کیا جس دوران پولیس دو افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی۔ پولیس بیان کے مطابق تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 32 گرام چرس اور شارٹ ڈیجیٹل سکیلر برآمد ہوا۔
پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کو موقع پر ہی گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن کنزر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارہمولہ پولیس نے حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت ہاشم احمد میر ولد فاروق احمد اور عاقب احمد شاہ ولد غلام محمد ساکنان ملگام، کنزر کے طور پر ظاہر کی ہے۔ اسی مناسبت سے پولیس اسٹیشن کنزر میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بارہمولہ ضلع میں وادی کشمیر کے باقی اضلاع کی نسبت منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے اور منشیات ضبط کرنے کے زیادہ کیسز سامنے آتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران سو سے بھی زائد منشیات فروشوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں خاتون منشیات فروش بھی شامل ہیں۔ پولیس نے درجن کے قریب ’عادی‘ اور ’مطلوب‘ منشیات فروشوں کو یو اے پے اے ایکٹ یا پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھی بھیج دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارہمولہ پولیس نے کیا منشیات فروش کا رہائشی مکان قرق - Drug Peddler House Attached