ترال (جموں و کشمیر): ایک دہائی بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج جنوبی کشمیر میں پولنگ ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں ماضی میں حساس رہنے والے ترال کے حلقہ انتخاب میں بھی پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر شروع ہوا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر آکر اپنے جمہوری حق کا استعمال کر رہے ہیں۔
ترال حلقہ انتخاب میں قریباً 98 ہَزار ووٹرز ہیں جو نو امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ صبح سات بجے سے ہی لوگ لمبی لمبی قطاروں میں لگے ہیں اور اپنی حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ خواتین بھی صبح سے لائن میں کھڑی ہوکر اپنی باری کا نتظار کر رہی ہیں۔
ترال کے حلقہ انتخاب میں 116 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور پولنگ بوتھوں پر لازمی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بھی بنایا گیا ہے۔ صاف و شفاف انتخابات کو منعقد کرانے کے لیے چناوی عملہ کو پہلے ہی تربیت اور ہدایات فراہم کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
کئی ووٹروں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ووٹ ڈالنا جمہوری حق ہے اور جمہوریت کے اس جشن میں وہ بھرپور حصہ لیکر اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہاں پر دس سال کے بعد انتخابات ہو رہے ہیں اس لئے عوام کے اندر زیادہ جوش و خروش ہے اور اب عوام کو امید ہے کہ یہاں پر رکے ہوئے ترقیاتی کام پورے ہونگے۔