سرینگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر- جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر منگل کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر صبح کے 8 بجے سے کسی بھی گاڑی کو قاضی گنڈ سے جموں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر ڈلواس کے نزدیک مرمت کے پیش نظر شاہراہ منگل صبح آٹھ بجے سے لے کر بدھ کی صبح آٹھ بجے تک دو طرفہ ٹریفک کے لئے بند رہے گی اور اس دوران کسی بھی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر اور سری نگر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: سرینگر جموں قومی شاہراہ آمدرفت کیلئے بند
بتادیں کہ پیر کے روز جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہونے کے کئی گھنٹے بعد ہی ڈلواس کے مقام ہر مٹی کا تودا گرنے کے بعد سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ وادی کشمیر میں ہفتہ اور اتوار کی شب برفباری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، اس دوران اتوار کو سرینگر ہوائی اڈے پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)