پلوامہ: جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جموں کشمیر پولیس نے صحافی کا روپ دھارنے والے ایک شخص اور اس کے ساتھی کو بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پلوامہ پولیس کے مطابق ملزم عباس احمد سیہہ ولد محمد اکبر اور اس کے ساتھی شیراز احمد ڈار ولد محمد کو ضلع کے رہمو علاقے میں ایک مقامی شہری سے رقم اینٹھنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد جن کی شناخت ناگبل شوپیاں کے عباس اور ارپارہ، شوپیاں کے شیراز کے طور پر ظاہر کی گئی ہے، رہمو کے محمد شفیع راتھر ولد غلام نبی راتھر نامی ایک شہری سے ناجائز طور رقم کا مطالبہ کر رہے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزم شیراز احمد خود کو ایک صحافی جتلا رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزمین کی تحویل سے جعلی شناختی کارڈ اور ناجائز کارروائی میں استعمال کیے جا رہے موبائل فونز بھی ضبط کر لیے گئے۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 19/2024، تعزیرات ہند کی دفعہ 419 اور 506 کے تحت راج پورہ، پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ پولیس اس دھوکہ دہی کی اسکیم میں خارجی کنکشن یا نیٹ ورک کا ممکنہ سراغ لگا رہی ہے اور اس کیس میں تحقیقات جاری ہے۔