سرینگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرینگر کے گنجان آبادی والے علاقے بٹہ مالو میں ہفتے کی سہ پہر رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مزید دو مکانوں کولپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا، تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا اور لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر چار بجکر 14 منٹ پر بٹہ مالو میں رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی چار بجکر 15منٹ پر فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ جائے موقع پر پہنچا۔
انہوں نے بتایا گنجان آبادی ہونے کے باوجود بھی آٹھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر فوری طورپر قابو پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ چند منٹوں کے اندر اندر ہی فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ جس علاقے میں آگ نمودار ہوئی وہ کافی گنجان ہے۔ تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے کمال جرائت کا مظاہرہ کرکے آگ پر قابو پایا۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کیا ہے۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ بونیار میں آتشزدگی: ایک رہائشی مکان خاکستر
دریں اثنا، ڈویژنل فائر آفیسر (ڈی ایف او)، سرینگر سٹی نور عالم نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور کوئی جانی نقصان یا کسی دوسرے کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔