جموں (جموں کشمیر) : جموں و کشمیر میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ایئر ایمبولینس سمیت تین ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ٹینڈر نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے لئے جموں کشمیر چیف الیکٹورل آفیسر نے سرکاری ویب سائٹ پر آئن لائن نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔ یہ اقدامات جموں و کشمیر میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر، جموں کشمیر کی ویب سائٹ پر دستیاب جانکاری کے مطابق جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے عارضی طور لیز پر ایک ہیلی کاپٹر ایمبولینس، ایک انجن والے ہیلی کاپٹر اور ٹوئن انجن ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے لیے معروف کمپنیز، ایجنسیز اور سروس فراہم کرنے والے اداروں سے آن لائن ٹینڈر طلب کیے ہیں۔
اس ٹینڈر نوٹیفکیشن کے مطابق ہیلی کاپٹر ایمبولینس انتخابات کے ہر مرحلے کے دوران پانچ دن کے لیے درکار ہوگی اور پہلے مرحلے کے انتخابات کے دن سے تین دن پہلے سے لے کر لوک سبھا انتخابات 2024 کے آخری مرحلے کے انتخابات کے دن تک ایک واحد انجن والے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہوگی۔ اس میں مزید کہا گیا کہ دوہرا انجن والا ہیلی کاپٹر لوک سبھا انتخابات کے لیے ضرورت کے مطابق استعمال میں رہے گا۔ مزید یکہ ہیلی کاپٹر ایمبولینس اور ایک انجن والے ہیلی کاپٹر کا مقصد جموں و کشمیر کے اندر کسی بھی مقام پر ضرورت اور انتخابی مراحل پر منحصر ہے۔
دوہرا انجن والا ہیلی کاپٹر جموں و کشمیر میں نہیں رکھا جا سکتا ہے لیکن ضرورت پڑنے پر اسے فراہم کرنا ہوگا جس کے لیے محکمہ آپریٹر کو 48 گھنٹے کی پیشگی اطلاع فراہم کرے گا۔ جبکہ ہیلی کاپٹر ایمبولینس ایک ایسی سروس ہے، جس میں ایک مریض کو تشویشناک حالت میں کسی بھی مقام سے علاج و معالجہ کے لیے مطلوبہ مقام تک ایک ہیلی کاپٹر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے اور اس ایمبولنس ہیلی کاپٹر میں ہنگامی/ایمرجنسی سہولیات موجود ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سرینگر میں چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا کی پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے خصوصی میٹنگ
ہیلی کاپٹر ایمبولینس کو مکمل طور پر ICU سہولیات سے لیس کیا جائے گا تاکہ پرواز کے دوران مریضوں کے محفوظ اور موثر علاج کو یقینی بنایا جا سکے، جب تک وہ اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔ ٹینڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو کارگو کے دروازوں سے لیس کیا جائے تاکہ ڈھانچے اور دیگر آلات کی آسانی سے نقل و حرکت ممکن ہو سکے۔