اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ واگہامہ علاقے میں آوارہ کتوں نے ایک کمسن لڑکی کو کاٹ کر مار ڈالا۔ متوفی کی شناخت آٹھ سالہ ارشیما دختر غلام نبی وانی کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ بچی اپنے گھر سے باہر قریب میں راہ چل رہی تھی، جس دوران آوارہ کتوں کے جھنڈ نے اس پر اچانک حملہ کیا، جب تک لوگ اسے بچا لیتے، کتوں نے کمسن بچی کو شدید طور زخمی کردیا تھا۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے بچی کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مزید پڑھیں: بارہمولہ میں آوارہ کتوں کے حملے میں 17 افراد زخمی
واقعہ کے بعد علاقہ میں غم و ماتم کی لہر دوڈ گئی ہے۔علاقہ کے لوگ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو قابو کرنے کے لئے کسی طرح کے اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے ،جس کا خمیازہ معصوم بچوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو گھر سے باہر جانے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا سنجیدہ نوٹس لے لیا ہے۔