گاندربل: ایک ہفتے تک بند رہنے کے بعد آج سرینگر لیہہ شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے کو بھاری برفباری اور برفانی تودے گرآنے کے پیش نظر مذکوہ شاہراہ کو انتظامیہ کی طرف سے احتیاطی طور پر آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
شاہراہ بند ہونے سے دراس اور سونمرگ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں مسافر اور اشیائے ضروریہ سے لدی گاڑیاں درماندہ ہوگئے تھے، تاہم باڈر روڈ آرگنائزیشن نے زوجیلا کے مختلف مقامات پر برفانی تودے کو صاف کرنے کے لیے مشینری اور مزدوروں کو کام پر لگاکر شاہراہ پر گزشتہ روز برف ہٹانے کا کام مکمل کیا ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک رورل گاندربل گلزار احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ آج بیکن کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد سونمرگ سے درماندہ گاڑیوں کو کرگل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مسافر بردار گاڑیوں کو چلنے کی ترجیح دی گئی ہے جس کے بعد اشیائے ضروریہ سے لدی گاڑیوں خاص طور پر سبزیوں سے بھری ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں: سرینگر لیہہ شاہراہ آزمائشی طور بحال
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر فی الوقت بڑی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرائیور حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ٹریفک ایڈورزری کے بغیر مذکوہ شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔