اونتی پورہ: کشمیر اور دلی کے درمیان براہ راست ٹرین بھارت وندے ایکسپریس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی یوم جمہوریہ کے موقع پر کرنے جا رہے ہیں۔ اس کا کشمیر میں بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیا جارہا ہے کیونکہ اس جدید دور میں بھی کشمیری عوام کو یہ سہولت دستیاب نہیں تھی۔ وندے بھارت ایکسپریس نام کی اس ٹرین سے جہاں تجارت کو کافی فروغ ملے گا وہیں کشمیر کی سیاحت کو بھی پزیرائی مل سکتی ہے۔
تاہم اس ٹرین کا ہالٹ کئی اہم مقامات پر نہ رکھنے سے عوامی حلقوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں بھی اس ٹرین کا ہالٹ نہ رکھنے سے عوامی حلقوں میں مایوسی چھا گی ہے اور یہاں کی آبادی کا کہنا ہے کہ اس طرح کا یہ اقدام اس وسیع علاقے کو مزید نظر انداز کرے گا۔
ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اونتی پورہ تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے جو کبھی کشمیر دارلحکومت ہوا کرتا تھا لیکن اب جبکہ وندے بھارت ٹرین کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ایک تاریخی فیصلہ ہے اس لیے اونتی پورہ میں بھی اس ٹرین کا ہالٹ رکھا جائے۔ کیونکہ یہاں سے ایک وسیع آبادی کو راحت میسر ہوگی ڈاکٹر سنگھ نے مزید بتایا کہ وہ جلد ہی اس حوالے سے مرکزی ریلوے وزیر سے بھی ملاقات کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں: عمر عبداللہ نے روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلے کو انسانی بحران قرار دیا
اسٹیزن کونسل ترال کے چیرمین فاروق ترالی نے بتایا کہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا پورے پلوامہ ضلع کے لوگ خیرمقدم کرتے ہیں تاہم جس طرح افواہ گرم ہے کہ اونتی پورہ میں ہالٹ نہیں رکھا گیا ہے وہ یقینا ہمارے لیے پریشان کن امر ہے کیونکہ اونتی پورہ کا ہالٹ جہاں پلوامہ کے چاروں اسمبلی حلقہ جات کے عوام کو راحت دے گا۔ وہیں یہاں ایر فورس کا اڈہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایمز اور اسلامک یونیورسٹی جیسے ادارے موجود ہیں اور اس لیے یہاں اونتی پورہ ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس کا ہالٹ ضرور رکھا جائے۔