گاندربل (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (SDA) نے معروف سیاحتی مرکز سونہ مرگ میں غیر قانونی طور تعمیر کی گئی عمارت کے خلاف انہدامی کارروائی انجام دی اور کمپلیکس کی دیواروں کو مندہم کیا گیا۔ انہدامی کارروائی چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایس ڈی اے، کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی اور اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ایس ڈی اے حکام نے بتایا کہ سیاحتی مقام سونہ مرگ کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی طور تعمیر کی گئی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقام کے آس پاس کسی بھی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام سے غیر قانونی تعمیر سے گریز کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا: ’’اس طرح کی انہدامی کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی اور بغیر اجازت نامے کے کسی بھی تعمیر کو نہ صرف منہدم کیا جائے گا بلکہ تعمیر کرنے والے شخص / اشخاص کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران سونہ مرگ سمیت وادی کے دیگر سیاحتی مقامات کے قریب غیر قانونی طور تعمیرات کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے جبکہ حکام کی جانب سے انہدامی کارروائی میں بھی سرعت لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر میں ایل سی ایم اے کی انہدامی کارروائی