بارہمولہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور کے گاؤں رام پورہ راج پورہ میں بھی زبردست برفباری دیکھنے کو ملی۔ اس کے ساتھ ہی اس علاقے میں رابطہ سڑک برف جمع ہونے کی وجہ سے بند ہوگئی۔ اس دوران اے ڈی سی سوپور شبیر رینا نے اس علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے میکنکل ڈپارٹمنٹ اور پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے افسران سے رابطہ کیا۔ ان کی نگرانی میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔
آپ کو بتادیں کہ یہ گاؤں سوپور سے تقریبا تیس کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ جب بھی اس علاقے میں برف باری ہوتی ہے تو لوگوں کی مشکلات میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق پہلے بار کوئی ضلع انتظامیہ کا افسر از خود علاقے میں آیا۔ سڑکوں سے برف ہٹانے کے بعد مقامی لوگوں نے کافی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گاؤں سوپور قصبے سے کافی دور ہے اور جب بھی برفباری ہوتی ہے تو ہم دنیا سے الگ ہوتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سرکار کو ہماری طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اکثر و بیشتر بجلی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر: مغل روڈ پر سیاح برف سے لطف اندوز
اس دوران اے ڈی سی سوپور نے کہا کہ ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں مقامی باشندوں کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی درپیش نہ ہو۔