پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے معروف دینی ادارے دارالعلوم نور السلام ترال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ادرے کے چھ ان طلاب کی دستار بندی کی گئی جنہوں نے قرآن پاک مکمل حفظ کر لیا ہے۔ حفاظ کی دستاربندی وادی کشمیر کے نامور عالم دین اور روحانی بزرگ حضرت مولانا محمد رحمت اللہ میر صاحب قاسمی نے کی۔
نماز جمعہ سے قبل مولانا نے خطاب کیا اور امت پر زور دیا کہ وہ قرآن کے حقوق ادا کریں کیونکہ ’’قرآن ہی نسخہ کیمیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’قرآن کریم ساری انسانیت کے لئے کتاب ہدایت اور رحمت ہے۔ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جو اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔ قرآن عظیم وہ کتاب ہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ لہذا مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کا حل قرآن میں تلاش کریں اور قرآنی تعلیمات پر عمل کو اپنا نصب العین بنائیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیاب و بامراد ہو سکیں۔‘‘
جن حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی ان میں محمد حسیب رمضان، امتیاز احمد میر ساکنان پستونہ، محمد الیاس ساکن گلاب باغ، برہان جبار ساکنہ نی بگ، مصروف سلطان ساکن ٹنگمرگ اور ثاقب طارق ساکنہ نہر ترال شامل ہیں۔ اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ادارے کے مہتمم مولوی قطب الدین، مفتی فاروق احمد بلالی، مفتی ارشاد احمد کے علاوہ دیگر معززین نے شرکت کی۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوے دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے مہتمم حضرت مولانا محمد رحمت اللہ قاسمی نے بتایا کہ ’’موجودہ دور کے علماء کرام کو اپنے اسلاف کی نہج پر چل کر اختلافات کے بجائے رواداری کی مثال پیش کرنی چاہیے۔‘‘ دریں اثناء تقریب کے موقع پر سرینگر کے گنڈبل سانحہ میں جاں بحق ہوئے افراد کے لیے بھی دعاے مغفرت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Dastarbandi at Jamia Masjid ThanaMandi: جامع مسجد تھنہ منڈی میں جلسہ دستاربندی