جموں: جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے ڈونگا علاقے میں ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چھ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز راجوری کے ڈونگا کاکورا کے نزدیک ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک درجن کے قریب مسافر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر کی خونی شاہراہیں
غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں ہر سال ٹریفک حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوتے ہیں۔ حادثات زیادہ تر سرینگر جموں شاہراہ پر ہی رونما ہوتے ہیں۔ حکام اور ماہرین کے مطابق ٹریفک قوانین سے ناواقفیت اور ان پر عمل درآمد نہ کرنا، ٹریفک حادثات کا موجب بنتے ہیں، تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی حادثات کا موجب بنتی ہیں۔
بتادیں کہ جموں کشمیر میں گزشتہ بارہ برسوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں بارہ ہزار سے زائد افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔