سرینگر (جموں کشمیر): محکمہ صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری ڈاکٹر عابد رشید شاہ نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کے معاملے میں گذشتہ برسوں کے دوران نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں، ایسے میں اب جلد ہی ڈاکٹر اور مریضوں کے تناسب کو بھی بہتر کیا جائے گا۔‘‘ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے جمعہ کو سرینگر میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران شعبہ صحت میں متعدد تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، وہیں ایک اہم پیش رفت کے تحت ایم بی بی ایس کی پانچ سو نشستیں بڑھا کر تیرہ سو (1,300) کر دی گئی ہیں اور آنے والے وقت میں ایم بی بی ایس سیٹوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے قومی صحت مشن کی دوسری کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ’’پیرا میڈیکل ادارے بھی سامنے آئے ہیں جہاں نرسنگ سمیت دیگر کورسز کی تربیت دی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی ایسی مزید اسامیاں بھی سامنے آئیں گی۔‘‘ سید عابد رشید شاہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے تناسب کو بھی بہتر کیا جائے گا اور انتہائی نگہداشت کے لیے مزید طبی عملے کو تیار کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عابد کے مطابق مرکز کی ٹیموں نے حال ہی میں کشمیر بھر میں کئی صحت مراکز کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں مریضوں سے بھی بات چیت کی۔
انہوں نے کانفرنس کے حوالہ سے کہا کہ طبی شعبہ میں بہتری کے لیے ایسی کانفرنس ناگزیر ہیں اور مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کا انعقاد ہونا چاہیے اور جو بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کرے گا انہیں انتظامیہ کا بھر پور تعاون حاصل رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر سید عابد رشید کو ڈائریکٹر سکمز کا اضافی چارج دیا گیا