راجوری (جموں و کشمیر): کٹھوعہ حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے جموں صوبے کے متعدد اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں اور اس بیچ سرحدی ضلع راجوری میں دراندازی کی مشتبہ کوشش میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، دھماکے میں ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے
ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب راجوری ضلع کے لام سیکٹر کے قریب رن بھومی گیپ زیرو لائن پر ہوا۔ دھماکے کے بعد جمعرات کی صبح ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ اگرچہ پولیس اور فوج نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، تاہم یہ قیاس کیا جا سکتا ہے کہ سرحد پار سے دراندازی کرنے والوں نے اس پار گھسنے کے لیے اس لینڈ مائن کو ٹریگر کیا تھا۔
یہ دھماکہ جموں خطے کے متعدد اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے 8 جولائی کو کٹھوعہ ضلع کے ماچیڈی جنگل کے علاقے میں آرمی کے ایک ٹرک پر گھات لگا کر کیے گئے عسکری حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے شروع کی گئی بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی کے بیچ ہوا ہے۔ کٹھوعہ حملے میں پانچ فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے تھے، ہلاک ہونے والے گڑھوال رائفلز سے تعلق رکھنے والے سبھی فوجی ریاست اتراکھنڈ سے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے کیا لائن آف کنٹرول کا دورہ - Army Chief LoC Visit