نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انٹرنیٹ خدمات کی بحالی سے متعلق مرکزی داخلہ سکریٹری کے ماتحت خصوصی کمیٹی کے نظرثانی آرڈر کو شائع کرنے کے لئے جمعہ کے روز جموں و کشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی۔
جسٹس بی آر گاوائی، جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے فاؤنڈیشن فار میڈیا پروفیشنلز کی عرضی کو نمٹاتے ہوئے یہ ہدایت دی۔بنچ نے کہا، "اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ نظرثانی کے حکم سے بھی پارٹیوں کے حقوق متاثر ہوں گے... ہم اپنی اولین رائے کا اظہار کرتے ہیں کہ نظرثانی میں پاس کیے گئے احکامات کو شائع کرنے کی ضرورت ہے۔
جسٹس گوائی نے بنچ کی طرف سے یہ بھی کہا، "حالانکہ نظرثانی تبادلہ خیال شائع کرنا ضروری نہیں ہوسکتا ہے۔"
سماعت کے دوران فاؤنڈیشن فار میڈیا پروفیشنلز کے ایک وکیل نے بنچ کو بتایا کہ ان تمام ریاستوں نے نظرثانی کے احکامات شائع کیے، جہاں کبھی نہ کبھی انٹرنیٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ اروناچل پردیش، آسام، بہار، میگھالیہ سمیت… سرحدی ریاستوں سمیت… باقی تمام ریاستوں نے اسے شائع کیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ صرف جموں و کشمیر انتظامیہ ہی اس کی مخالفت کیوں کر رہی ہے۔وکیل نے کہا کہ یہ احکامات قانون کے ذریعہ لازمی ہیں اور ایسا کرنے میں ناکامی انورادھا بھسین کیس میں سپریم کورٹ کے حکم کی روح کے خلاف ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دلیل دی کہ نظرثانی آرڈر ایک اندرونی طریقہ کار ہے، اسے شائع کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 30 جنوری کو سخت تبصرے کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے متعلق نظرثانی کے احکامات کو الماری میں نہیں رکھا جانا چاہئے، بلکہ شائع کیا جانا چاہئے۔
مزید پڑھیں: انٹرنیٹ پابندیوں پر نظرثانی احکامات کو الماری میں بند نہ رکھیں، سپریم کورٹ کا حکم
سپریم کورٹ نے مئی 2020 میں مرکز سے جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندیوں کی ضرورت کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کو کہا تھا۔ مرکزی حکومت نے آرٹیکل 370 کو منسوخی کے بعد 2019 میں جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندیوں کو سخت کرنا شروع کردیا۔صحافی انورادھا بھسین نے پابندیوں پر نظرثانی کی مانگ کرتے ہوئے 2020 میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔