ترال(پلوامہ): متبرک رمضان کے ان ایام میں سب ضلع ترال کے بازاروں میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے اور ساگ سبزی سے لیکر دیگر اشیاء خورد نوش کی آسمان چھوتی قیمتوں نے صارفین کی قوت خرید کو چھین لیا ہے۔
کئی افراد نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی عروج پر ہے اور ہر چیز کے دام دکانداروں نے از خود بڑھا دیے ہیں اور سرکاری نرخ ناموں پر کسی بھی جگہ عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔
حد تو یہ ہے کہ ساگ فی کلو ستر سے اسی روپے فروخت ہو رہا ہے، گوشت ،میوہ جات، فنی، کھجور اور دیگر چیزیں تو سونے کے بھاؤ بک رہی ہیں، تاہم حیران کن امر ہے کہ روایتی چیکنگ اسکارڈ غائب ہیں جن کی وجہ سے منافع خوروں کے حوصلے بلند ہیں۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ نصف رمضان تو گزر گیا، آخر انتظامیہ نیند سے کب جاگے گی۔ تاہم میونسپل کمیٹی ترال کے عہدیداروں کا دعوی ہے کہ وہ روزانہ بنیادوں پر چیکنگ کرتے ہیں اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل کراتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ماہ رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیا کی قیمتوں میں تشویشناک اضافہ
عبدالسلام نامی ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر کسی صارف کو مہنگائی کے حوالے سے شکایت ہو تو وہ ہم سے رابطہ کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی ہوگی۔