گاندربل (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں پیر کی سہ پہر ایک کار الٹ جانے سے اس میں سوار ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے، جبکہ حادثہ کے سبب گاڑی میں سوار دیگر افراد زخی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سرینگر لیہہ شاہراہ پر ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر PB01A/4898سیاحتی مقام سونہ مرگ کے قریب رانگہ موڑ، زوجیلا سڑک پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کھائی میں جاگری۔
حادثہ کے نتیجے میں اس میں سوار غیر مقامی شخص، جس کی شناخت ترسیم لال ولد نتھو رام ساکنہ گرداس پورہ، پنجاب کے طور پر ہوئی ہے، موقع پر ہی فوت ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی مقامی باشندوں اور گاندربل پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمی افراد کو پبلک ہیلتھ سنٹر (پی ایچ سی) سونہ مرگ پہنچایا۔ ہیلتھ سنٹر پر زخمیوں کی ابتدائی مرہم پٹی کے بعد انہیں سرینگر کے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ریفر کر دیا گیا۔
جموں کشمیر پولیس نے حادثہ کی نسبت کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق لاش کی طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے قانونی ورثاء کے سپرد کر دیا جائے گا۔ ادھر، جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھی پیر کو ایک المناک حادثہ میں خاتون کی موت واقع ہو گئی۔ ایک خاتون ٹریکٹر کے نیچے دب جانے کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Ganderbal Road Accident: سرینگر لیہہ شاہراہ پر حادثہ، آٹھ افراد زخمی