پلوامہ: وادی بھر کے ساتھ ساتھ ضلع پلوامہ میں بھی پولیس نے منشیات کے کاروبار کے ساتھ منسلک افراد کے خلاف سخت موقف اپنایا ہے۔ جب کہ منشیات استعمال کرنے والے افراد کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔ منشیات کے خلاف اپنے مہم کو جاری رکھتے ہوئے پلوامہ پولیس نے دو بدنام منشیات فروشوں کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف پی آئی ٹی، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ان منشیات فروشوں کی شناخت امتیاز احمد گنائی ساکن چٹہ پورہ اور جاوید احمد گنائی ساکن لولی پورہ نہامہ کے طور پر ہوئی۔ ان دونوں منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس کیسز کے تحت کئی مقدمات ضلع کے مختلف تھانوں میں درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
منشیات فروشی میں ملوث دو بھائی گرفتار
پولیس کے مطابق یہ دونوں منشیات فروش ضلع پلوامہ کے مقامی نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرکے منشیات کی لت کو فروغ دے رہے تھے۔ عام لوگوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پلوامہ پولیس کے کردار کو سراہا۔ منشیات فروشوں کے خلاف پلوامہ پولیس کی مسلسل کارروائیوں سے کمیونٹی کے ارکان کو یقین ہے کہ پلوامہ میں پولیس ہمارے معاشرے کو منشیات کے استعمال سے پاک رکھنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ عوام کا رجحان ہے کہ جموں اینڈ کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جو مہم شروع کی ہوئی ہے اس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔