اننت ناگ: جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں تعلیم کے لیے ایک اہم پیش رفت میں جموں و کشمیر پولیس وائف ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو ڈبلیو اے) اور جے اینڈ کے پولیس پبلک اسکولز کی چیئرپرسن پروفیسر راسمیتا داس سوین نے پولیس پبلک اسکول اننت ناگ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی ایس کے آر جاوید اقبال ایس ایس پی اننت ناگ ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی نے پروفیسر سوین کے ساتھ شرکت کی۔ نئی افتتاحی عمارت میں جدید ترین سہولیات موجود ہیں جس سے طلباء کو سیکھنے کے لئے ایک مثبت ماحول ملے گا۔
اپنے خطاب میں پروفیسر رسمیتا داس سوین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے مستقبل کی تشکیل میں معیاری تعلیم کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر نہ صرف تعلیمی تجربے میں اضافہ کرے گا بلکہ مقامی کمیونٹی کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پولیس پبلک اسکول اننت ناگ کے لیے یہ نیا باب تعلیمی معیار اور طلباء کی جامع ترقی کا باعث بنے گا، اور یہ اسکول خطے میں تعلیمی شعبہ کا مرکز بنے گا۔
مزید پڑھیں: مریضوں نے لی راحت کی سانس، نجی اسپتالوں نے آیوشمان بھارت کے تحت دوبارہ مفت طبی خدمات شروع کی
افتتاحی تقریب کے بعد اسکول کے ہونہار طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک متحرک ثقافتی پرفارمنس پیش کی۔ تقریب کا اختتام ماحولیاتی ذمہ داری کے علامتی عمل کے ساتھ ہوا، بطور مہمانِ خصوصی پروفیسر رسمیتا داس سوین نے پائیداری اور ماحولیاتی بیداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسکول کے احاطہ میں شجر کاری کی۔