پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ترال علاقے کو وادی میں ایک منفرد مقام حاصل ہے جہاں کے لوگوں نے ہمیشہ اعلی تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا ہے وہیں اب یہاں بھی، دیگر علاقوں کی طرح، بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے جسے دور کرنے کے لیے مرکزی معاونت والی اسکیمیں بے روزگار نوجوانوں کے لیے امید کی ایک کرن کے مانند نظر آ رہی ہیں۔
ڈیجی سمارٹ سلوشنز Digi smart solutions نامی ایک ادارہ، جو ٹاؤن ترال میں گزشتہ کئی برسوں سے کام کر رہا ہے، بیروزگار نوجوانوں کو مفت ٹریننگ فراہم کر رہا ہے، اس ٹریننگ/کورس سے یہ افراد خود روزگار حاصل کرنے کے اہل بن جاتے ہیں۔ اس سینٹر سے سینکڑوں افراد مختلف مرکزی معاونت والی اسکیموں کے ذریعے ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں، اور فی الوقت پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے ذریعے یہاں آرٹفیشل انٹیلجنس (مصنوعی ذہانت) اور دیگر کورسز مفت کرائے جاتے ہیں۔
ٹریننگ حاصل کرنے والی کئی طالبات نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار کی اس اسکیم سے انہیں بہت ہی اچھا فائدہ مل رہا ہے کیونکہ ان کو گھر کی دہلیز پر ہی مفت ٹریننگ کورس کرایا جاتاہے جو ان کو روزگاد فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ وہیں اس سینٹر کے منتظم زبیر احمد نے بتایا کہ ’’پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا‘‘ کے ذریعے اس وقت کئی کورسز کرائے جاتے ہیں جن کو مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کو یہاں سے ایک توصیفی سند بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے ترال کے بیروزگاروں سے اپیل کی کہ وہ سینٹر میں آکر مفت میں ان اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔
مزید پڑھیں: ترال: گلاب باغ میں کھیل گاہ نہ ہونے سے کھلاڑیوں میں مایوسی
واضح رہے کہ پردھان منتری کوشل وِکاس یوجنا نوجوانوں کے استعداد کی تربیت کے لئے ایک اہم اسکیم مانی جاتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت پڑھے لکھے نوجوان کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے جبکہ ضروری معلومات سے روشناس بھی کرایا جاتا ہے، علاوہ ازیں انہیں مرکزی معاونت والی اسکیموں کے ذریعے مدد بھی فراہم کی جاتی ہے جس سے یہ نوجوان نہ صرف خود روزگار کے اہل بن جاتے ہیں بلکہ یہ دوسروں کے لیے ایک مثال بھی بنتے ہیں۔