کشتواڑ: جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پہلے مرحلے کے تحت ضلع کشتواڑ میں آج صبح سے ہی پولنگ جماعتوں کو ووٹنگ مشینیں اور دیگر انتخابی سامان کے ساتھ پورے انتخابی عملے، پولیس اہلکاروں اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے ساتھ ضلع انتخابی دفتر کشتواڑ سے مارواہ اور ڈچن اندروال ناگسنئی و دیگر علاقوں کی طرف روانہ کیا گیا۔ کشتواڑ میں 18 ستمبر کو اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔
12,500 فٹ کی بلندی پر واقع مارواہ اور ڈچن جیسے دشوار گزار اور غیر متوقع موسم والے علاقوں میں پولنگ عملے کی روانگی کافی اہم ہیں کیونکہ ان علاقوں تک رسائی صرف سنتھن اور مرگن ٹاپ کے ذریعے ممکن ہو سکتی ہے۔ کشتواڑ کے الیکشن افسر کی نگرانی میں پولنگ ٹیموں اور انتخابی مواد، بشمول ای وی ایمز اور وی وی پی اے ٹیز کی محفوظ ترسیل کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولنگ اسٹاف، ای وی ایمز اور مضبوط کمروں کی حفاظت کے لیے پولنگ اسٹیشنز اور راستے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ مکمل سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کا انتخابی شور پیر کو تھم گیا۔ پہلے مرحلے میں بدھ (18 ستمبر) کو یہاں 24 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
عوامی اتحاد پارٹی امیدوار نیشنل کانفرنس میں شامل - JK Assembly Polls
پہلے مرحلے میں 24 سیٹوں پر کل 219 امیدوار میدان میں ہیں۔ پہلے مرحلے میں وادیٔ کشمیر کی 16 اور جموں ڈویژن کی آٹھ نشستوں کے لیے ووٹنگ ہونی ہے۔ پہلے مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 اگست تھی اور پہلے مرحلے میں جموں خطے کا کشتواڑ ضلع بھی شامل ہیں۔ جموں وکشمیر کے ان اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔