اننت ناگ: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے اننت ناگ- راجوری لوک سبھا نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔محبوبہ مفتی نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل اپنے مرحوم والد مفتی محمد سعید کے مزار سمیت بابا نصیب الدین غازی اور بابا حیدر ریشی کی درگاہ پر حاضری دی۔
محبوبہ مفتی جمعرات کی دوپہر الیکشن آفسر اننت ناگ کے دفتر پہنچ گئیں اور اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ ان کے ہمراہ سرتاج مدنی، عبدالغفار صوفی، عبدالرحمان ویری و دیگر کئی سیاسی رہنما بھی تھے، وہی اس موقعہ پر کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود رہی، جنہوں نے محبوبہ مفتی کا زبردست استقبال کیا۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج بجلی پانی راشن اور سڑک کی لڑائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو خصوصی اختیارات چھینے کے بعد ظلم و زیادتی عروج پر ہے ، لوگوں سے نوکریاں چھینی جا رہی ہیں، یہاں کے خزانوں اثاثوں اور وسائل کو لوٹا جا رہا ہے،بجلی کے پراجیکٹس زمین چھینی جا رہی ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں کشمیر کو کھلے جیل میں تبدیل کیا گیا ہے اور کشمیر کے لوگوں کو دہاڑی مزدور بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ظلم و زیادتی کے خلاف کھڑا ہونے کا موقعہ آیا ہے،ہم یہاں سازشوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ، پونچھ، راجوری پارلیمانی نشست امیدواروں کیلئے چیلنج
محبوبہ نے کہا کہ ایسی سازشیں ہو رہی ہیں تاکہ جنوبی کشمیر میں بائیکاٹ کا ماحول بن جائے، اس لئے لوگوں کو چاہئے کہ وہ نکلیں اور اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرکے ان کی سازشوں کو ناکام کریں،اور اس نمائندے کو سامنے آنے کا موقعہ دیں جو ان کی بہتر نمائندگی کر سکے۔