سرینگر (جموں کشمیر): ایک وقت تھاجب کشمیر میں اولڈ ایج ہومز (Old Age Homes) یا سینئر اسٹیزن ہومز (Senior Citizen Homes) کا تصور بھی نہیں کیا جاتا تھا، لیکن آج وادی کے مختلف اضلاع میں 10 اولڈیج ہومز اور 2 ڈے کئیر (Day Care) مراکز قائم ہیں۔ جن میں تقریباً 8 سو سے زائد بزرگ مرد اور خواتین کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
عیدگاہ، سرینگر میں قائم ڈے کیئر سنٹر میں تین سو (300) عمر رسیدہ افراد درج ہیں اور چھانہ پورہ کے ڈے کیئر میں سو سے زائد بزرگ افراد کا اندارج ہوا ہے۔ دوسری جانب 10 اولڈیج ہومز میں 80 بزرگ افراد کی دن رات دیکھ بال کی جا رہی ہے۔ سماجی بہبود محکمہ کے مطابق وادی کشمیر میں عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بال کے لئے اس وقت مجموعی طور پر 10 اولڈیج ہومز اور دو ڈے کیئر ہومز کام کر رہے ہیں۔ ایسے میں یہ سبھی اولڈ ایج ہومز مختلف رضا کار تنظیموں کی جانب سے چلائے جا رہے ہیں اور ہر رضاکار تنظیم 2 اضلاع میں اس طرح کے ہومز چلا رہی ہے۔
سرکاری سطح پر دو اولڈ ایج ہومز زیر تعمیر ہیں، جن میں ایک وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے پاندچھ علاقے میں ہے جبکہ دوسرا شمالی کشمیر کے آکورہ پٹن میں قائم ہو رہا ہے۔ پاندچھ، گاندربل میں قائم ہونے والے اولڈ ایج ہوم میں سرینگر اور گاندربل کے بزرگ افراد کو جگہ دی جائے گی۔ وہیں آکورہ، پٹن میں جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے عمر رسیدہ افراد کو رکھا جائے گا۔ ان دنوں مراکز میں ابتدائی داخلے کی صلاحیت 25 بستروں کی ہوگی تاہم بعد میں اسے 50 بستر تک بڑھایا جائے گا۔
آج کل تو والدین کےتئیں اولاد کی نافرمانی کی ایسی ایسی خبریں سننے کو ملتی ہیں کہ انسانیت بھی شرمسار ہو جاتی ہے۔ کہیں پر تو اولاد اپنے والدین اور بزرگوں کو سڑک پر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کر رہے ہیں اور کہیں پر نئی نسل دنیاوی رنگینیوں میں اتنی کھو گئی ہے کہ اپنے بزرگوں کو ہی بھول بیٹھے ہیں۔ دوسری جانب حکومتی سطح پر بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ یا دیگر سہولیات کی خاطر بنائی گئی اسکیمیں عملی طور کہیں بھی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ انہیں کاغذات، دعووں اور وعدوں تک محدود رکھا گیا ہے۔
اولڈ ایج پنشن اور دوسری مراعات کے نام پر بزرگوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ہسپتالوں میں سینئر اسٹیزن کے لئے طبی سہولیات، علاج و معالجہ میں کفالت، بسوں میں مخصوص سیٹیں اور بینکوں میں مخصوص کاؤنٹرز بزرگ شہریوں کے وہ حقوق ہیں جن کی پاسداری کہیں بھی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے۔ کسی بھی خطے میں بسنے والے بزرگوں کے جھریوں بھرے چہرے برسوں کی خوشیاں اور غموں کے طوفان اپنے اندر سموئے ہوئے ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Guru Nanak Old Age Home بیدر اولڈ ایج ہوم اپنوں سے ٹھکرائے گئے معمر افراد کی پناہ گاہ