سرینگر: جموں وکشمیر میں عمر عبدللہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا ردعمل سامنے آئے آیا ہے۔ ایسے میں بی جے پی کے سینیئر رہنما درخشاں اندرابی نے عمر عبدللہ کو وزیر اعلی بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ جموں وکشمیر کی منتخب سرکاری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ لوگوں کے مینڈیٹ کا خیال رکھے اور اپنے ان وعدوں کو پورا کریں جو کہ انہوں نے عوام کے ساتھ کئے ہیں۔
درخشاں نے سریندر کمار چودھری کو نائب وزیر اعلی بنائے جانے پر کہا کہ اس سے جموں خطے کو بھی نمائندگی حاصل ہوگی کیونکہ حکومت سازی میں یہ بڑی بات ہے کہ دونوں خطوں کے لوگوں کو یکساں ترقی کے عمل میں حصہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں حالات ساز گار ہیں۔ پتھر بازی کے واقعات ، احتجاجی مظاہرے اور ہڑتال کالوں کی روش ختم ہوچکی ہے۔ ایسے میں نو منتخب عوامی سرکار کو جموں وکشمیر کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
درخشاں نے کہا کہ پرامن حالات میں اب نئی سرکاری کے لیے ترقیاتی کے منصوبوں کو نئی اونچائی تک لیجانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگشت نہیں کرنا چاہیے۔ ادھر بی جے پی کے الطاف ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اسمبلی انتخابات اتحاد میں لڑا اور حکومت سازی میں بھی یہ اتحادی ہیں ایسے میں کانگریس کی کابینہ میں شمولیت نہ کرنا اس بات کا عندیہ دے رہا ہے کہ شاید کابینہ وزراء کی فہرست میں ان کا کوئی ایم ایل اے شامل نہیں تھا اسی لیے وہ اس عمل سے دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر خاص کر جموں میں قرار واقعی شکست ملنے کے بعد وہ صدمے سے ابھی باہر نہیں آرہی ہے اور انہوں نے اپنی ناکامی کو چھپانے کی خاطر ریاستی درجے کی بحالی کا بیانیہ جاری کر کے کابینہ سے دوری اختیار کی ہے۔ واضح رہے کہ عمر عبدللہ نے دس برس اور دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر یوٹی کے پہلے وزیر اعلی کے طور حلف لیا۔
یہ بھی پڑھیں: جانئے عمر عبداللہ کی حلف برداری پر محبوبہ مفتی نے کیا کہا