سرینگر : جموں و کشمیر یو ٹی کے پہلے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے سے قبل عمر عبداللہ نے سرینگر میں اپنے دادا شیخ محمد عبداللہ کی مزار (مزار انوار) پر حاضری دی۔ شیخ محمد عبداللہ کو "شیر کشمیر" کہا جاتا ہے۔ شیخ محمد عبداللہ بھارت سے جموں و کشمیر کے الحاق کے بعد ریاست کے پہلے وزیراعلیٰ بنے تھے۔ عمر عبداللہ نے دادا شیخ محمد عبداللہ کی مزار پر گلہائے عقیدت پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔
عمر عبداللہ والد فاروق عبداللہ بھی جموں و کشمیر کے تین بار وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔ مزار انور پر نماز ادا کرنے کے بعد عمر عبداللہ نے ان بھاری ذمہ داریوں کا اعتراف کیا جو ان کی حکومت کو خطے کے عوام کی خدمت میں درپیش ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: غلام احمد میر کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر نامزد
واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ آج صبح 11:30 بجے جموں و کشمیر یو ٹی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ عمر عبداللہ کے علاوہ دیگر آٹھ کابینہ کے وزراء بھی حلف لیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا وزیرعلیٰ اور وزرا کو حلف دلائیں گے۔ حلف برداری تقریب میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس رہنما راہل گاندھی کے علاوہ انڈیا اتحاد کے رہنما سپریہ سولے، اکھلیش یادو و دیگر شرکت کریں گے۔