سرینگر: صوبائی کمشنر کشمیر، ودھی کمار بدھوری نے سرینگر میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 اگست کے روز کشمیر میں بندشیں عائد نہیں کی جائیں گی، جبکہ انٹرنیٹ خدمات کو بھی منقطع نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی کمشنر کشمیر نے وادی کے عوام کو سرینگر میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
جموں کشمیر میں بھی دیگر ریاستوں کی طرح 15 اگست کو یوم آزادی کی تقاریب سرکاری سطح پر منعقد کی جاتی ہیں۔ تاہم وادی کشمیر میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کے مواقع پر سرکار کی جانب سے بندشیں عائد کی جاتی تھیں اور انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کیا جاتا تھا۔ تاہم گزشتہ تین برسوں سے ان بندشوں کو ہٹایا گیا ہے۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ سرینگر میں یوم آزادی کی تقریب بخشی سٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جس میں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عوام کو اس تقریب میں شرکت کرنے کے لئے کھلی دعوت ہے اور ان کے شناختی کارڈ پر ہی انہیں سٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔‘‘ جبکہ ماضی میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کی تقاریب کے موقع پر مخصوص افراد کو داخلہ کی اجازت دی جاتی تھی اور سرکاری طور پر اس ضمن میں خصوصی پاس بھی اجرا کیا جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم جمہوریہ کے پیش نظر کشمیر میں غیر معمولی حفاظتی بندوبست