اننت ناگ (جموں کشمیر) : عید الاضحی کی مقدس تقریب کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے کرالو کنڈ، قاضی گنڈ علاقے میں جموں و کشمیر پیس فاؤنڈیشن اور مدر ہیلپیچ گروپ نامی این جی اوز کے اشتراک سے ایک ریلیف ڈسٹری بیوشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران علاقے کے غریب، ضرورت مند افراد خاص کر معمر بیواؤں میں اشیائے خوردنی اور ملبوسات تقسیم کیے گئے۔
منتظمین کے مطابق یہ پروگرام جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک دور دراز اور پہاڑی علاقہ کرالو، کنڈ میں اس لئے منعقد کیا گیا تاکہ یہاں کے غریب کنبے بھی عید کے موقع پر دوسروں کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ پروگرام میں لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ خاص کر اس علاقے سے تعلق رکھنے والی بیواؤں اور ضرورت مند خواتین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر تقریباً تین سو سے زائد محتاج افراد میں فوڈ کٹس تقسیم کیے گئے۔
پروگرام کی شروعات تلاوت قرآن پاک سے ہوئی، جس کے بعد مقررین نے اپنی تقاریر میں غریبوں اور ضرورت مند افراد کی مدد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس طرح کے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں بھی اس طرح کی مزید سرگرمیوں پر زور دیا۔ علاوہ ازیں پروگرام میں شریک ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی سیکریٹری نے بھی شرکت کیا اور محکمہ کی جانب سے خواتین کو قانونی چارہ جوئی کے دوران دی جانے والی مدد کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے مزید پروگراموں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔ لوگوں نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ کس طرح سے ایسے ادارے ان کے مشکل وقت میں پیش پیش رہتے ہیں۔ پیس فاؤنڈیشن اور مدر ہیلپیچ نامی ان نجی فلاحی اداروں نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح کے فلاحی پروگرام منعقد کرتے رہیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: Distribution of Food Kits بارہمولہ میں غرباء کے درمیان فوڈ کِٹس تقسیم