کولگام : دور جدید میں سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا رہتا ہے۔ گاڑیوں کی بڑھتی تعداد سے اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا ہے ۔ غلط پارکنگ اور مسافر گاڑیوں کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بھی اس کا ایک سبب ہے ۔اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جنوبی ضلع کولگام میں ایک پہل شروع کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس نےٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک مالکان اور کمرشل ڈرائیورس یونین کے عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔
میٹنگ کی صدارت ڈی وائی ایس پی ٹریفک کولگام محمد اسلم نے کی۔ جس میں پورے ضلع کولگام، قاضی گنڈ کے سومو،ٹویرا ، وین،آٹو ،منی بس اسٹینڈز یونین کے صدور نے شرکت کی۔
اس موقعہ پر شرکاء کو تمام مسافر گاڑیوں کی ہموار اور بغیر خلاف ورزی نقل و حرکت اور مسافروں کو بہتر سروس دینے پر زور دیا گیا۔ اُوور لوڈنگ سے گریز کرنے پر بھی تاکید کی گئی ۔افسران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹرانسپورٹرز مکمل دستاویزات کو۔بھی یقینی بنائیں ۔
ٹریفک یونین کے عہدیداران نے ٹریفک پولیس افسران کی یقین دہانی کرائی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کا خاص خیال رکھ کر عوام کو بہتر اور محفوظ سروس دیں گے ۔