اننت ناگ: لوک سبھا انتخابات 2024 کے پہلے مرحلہ کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔ اس سلسلہ میں اننت ناگ ضلع کے سات اسمبلی حلقوں کے لئے مختلف امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ نیشنل کانفرنس کے امیدوار ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی نے اننت ناگ ویسٹ نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ ان کے ہمراہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ بھی تھے۔ اس موقعہ پر کارکنوں نے عبدالمجید لارمی کا ڈی سی آفس کے احاطے میں والہانہ استقبال کیا۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے لارمی نے کہا کہ وہ ایک برس تک جیل میں رہے لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد بھی انہوں نے لوگوں کا خیال کرنا نہیں چھوڑا۔ لارمی نے کہا کہ جنہیں لوگوں کے دکھ درد کا علم نہیں، جنہیں لوگ جانتے بھی نہیں وہ آج انتخابی میدان میں اتر کر مزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھدار ہیں انہیں پتہ ہے کہ کون سا امیدوار ووٹ کا حق دار ہے۔ اس لئے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ اسی نمائندے کے حق میں اپنا ووٹ ڈالیں جو اس کا مستحق ہو۔
ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اننت ناگ کے لارم علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں، 57 سالہ لارمی ہوم شالی بگ اسمبلی حلقہ کے قانون ساز کونسل کے ممبر رہ چکے ہیں۔ لارمی اننت ناگ ویسٹ کے حلقہ کے انچارج بھی ہیں۔ جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں میں 24 اسمبلی حلقوں میں پہلے مرحلے میں 18 ستمبر 2024 کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کشمیر ڈویژن میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اضلاع شامل ہیں اور جموں ڈویژن میں ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع۔
کشمیر ڈویژن میں 16 اسمبلی حلقے شامل ہیں جن میں پامپور، ترال، پلوامہ، راج پورہ، زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ 44 سری گفوارہ-بجبہاڑہ، شانگس-اننت ناگ ساوتھ ۔جموں ڈویژن میں 8 اسمبلی حلقوں بشمول اندروال، کشتواڑ، پڈر ناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ ویسٹ، رامبن اور بانہال میں 18 ستمبر کو اسمبلی الیکشن شیڈول کے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔