بانڈی پورہ (جموں کشمیر) : خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک قابل ذکر پیش قدمی کرتے ہوئے ضلع بانڈی پورہ کے آیت مولہ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون، ناہیدہ، نے جے کے نیشنل رورل لائیولی ہوڈ مشن (این آر ایل ایم) امید اسکیم کے تعاون سے ٹیلرنگ سینٹر قائم کیا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے انہیں معاشی طور آزاد بنانے کی جانب گامزن کر رہا ہے۔
بی ایڈ کی ڈگری کے ساتھ پوسٹ گریجویشن کی تعلیم حاصل کرنے والی ناہیدہ نے اپنے بچوں کی پرورش کے لیے خاص وقت، وقف کرنے کے بعد مالی آزادی حاصل کرنے کا انتخاب کیا۔ ناہیدہ نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے این آر ایل ایم کے سیلف ہیلپ گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ اس کی لگن کو تسلیم کرتے ہوئے این آر ایل ایم نے اسے ایک سیلف ہیلپ گروپ کی قیادت کرنے کے لیے منتخب کیا اور اب اسے اسکل انڈیا پروگرام کے تحت ایک مرکز سونپا گیا ہے۔
مرکز میں 320 خواتین کا اندراج کیا گیا ہے جنہیں تربیت اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ ناہیدہ کا سفر بہت سے لوگوں کے لیے ایک تحریک کا کام کر رہا ہے جو خواتین کی کاروباری صلاحیتوں اور معاشی بااختیار ہونے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ناہیدہ نے این آر ایل ایم کی حمایت کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’میرا مقصد نہ صرف ذاتی طور معاشی استحکام حاصل کرنا ہے بلکہ کمیونٹی کی دیگر خواتین کو بھی با اختیار بنانا ہے۔ اور مجھے یقین ہے کہ یہ مرکز ان کی مالی آزادی کی طرف ایک بہتر قدم ثابت ہو گا۔‘‘
مرکز پر تربیت حاصل کرنے والی ایک مقامی خاتون نے کہا کہ وہ یہاں اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد روزی روٹی کمانے اور اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: باحجاب خواتین ایجوکیشن ایکسپو میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں