رام بن: پہاڑی ضلع رام بن کے پرنوٹ علاقے میں قریب پانچ کلومیٹر طویل رام بن - گول سڑک دھنسنے کی وجہ سے 50 سے زائد رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جبکہ سڑک پر بھی شگاف پڑ گیا ہے۔ عہدیداروں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’رام بن کے پرنوٹ علاقے میں 50 رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اہل خانہ کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔‘‘
حکام کا کہنا ہے کہ سڑک بلاک کر دی گئی ہے اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ رام بن کے تحصیلدار دیپ کمار نے میڈیا کو بتایا کہ کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ املاک کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ ادھر، ضلع کے ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چودھری نے ایک پوسٹ میں کہا: ’’سڑک پر ٹریفک کی بحالی کا کام جاری ہے اور سڑک خراب ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضروری خدمات کی دستیابی کی فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ رام بن -گول مین روڑ کے درمیان پرنوٹ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر ایمبولینس دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
رام بن کے پرنوٹ علاقے میں دھنسی سڑکوں اور مکانوں میں پڑی دراڑوں کے ویڈیوز بھی وائرل ہو ئے ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی مقامات پر سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ گھروں میں بھی شگاف پڑ گئے ہیں جبکہ بعض رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گاڑیوں کو اس شاہراہ پر جانے سے روکا جا رہا ہے جبکہ اپنے ہی گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق 5 کلو میٹر طویل رام بن گول سڑک کا ایک بڑا حصہ زیر آب آنے سے تقریباً چار درجن رہائشی مکانات میں چھوٹی بڑی شگافیں پڑ گئی ہیں، سڑک دھنس جانے کی وجہ سے 60 ہزار سے زائد افراد کا مرکزی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ دریں اثنا، ضلع اسپتال رام بن کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ایمبولینس کو موقع پر روانہ کیا گیا ہے۔ مختلف این جی اوز سے وابستہ رضاکار بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں اور امدادی کارروائیاں انجام دی جارہی ہے جبکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جانا اس وقت سبھی اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گنا: دیکھتے ہی دیکھتے دھنس گئی سڑک، کوئی جانی نقصان نہیں