سرینگر : میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے حسن نصراللہ کی ناگہانی ہلاکت اور اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں لبنانی شہریوں کی موت پر دلی رنج و غم اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام اسرائیل کی جانب سے جاری بے پناہ جارحیت کے باوجود غزہ اور لبنان کے بہادر اور مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان کے عوام پر جو دل دہلا دینے والی مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑاہے اسے برداشت کرنا انتہائی تکلیف دہ ہے کیوں کہ دنیا فلسطین کے انصاف کے متلاشی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور بربریت کو روکنے میں ناکام ہو گئی ہے جو بہت بڑا المیہ ہے۔ میرواعظ نے اللہ تعالیٰ کے حضور حسن نصراللہ کے درجات کی بلندی اور حق و صداقت کی فتح کیلئے خصوصی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی ہند نے حسن نصر اللہ سمیت بے گناہ شہریوں کے قتل کی سخت مذمت کی - Jamaat e Islami Hind
قابل ذکر ہے کہ حسن نصراللہ جمعہ کو اسرائیل کے فضائی حملے میں ہلاک کئےگئے اورحزب اللہ نے ہفتے کے روز نصر اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیل کے حملے میں حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے خلاف آج جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں احتجاج کی کال دی گئی تھی ۔جمعہ کو اسرائیل نے بیروت میں نصر اللہ کو نشانہ بنا کر اسرائیل نے بنکر بسٹر بموں سے شدید حملہ کیا۔یہ اسرائیل کی طرف سے لبنان پر اب تک کا سب سے طاقتور حملہ مانا جاتا ہے۔لبنان سرحد پر تقریباً ایک سال سے غزہ کی جنگ کے ساتھ مسلسل جھڑپیں جاری ہیں۔ اس حملے کے بڑھنے سے یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ تنازع قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔