سرینگر : سرینگر مرکزی جامع مسجد میں اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ آئندہ بہوری کدل جیسے افسوسناک واقعات کے انسداد کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں ۔ میرواعظ نے خاص طور پر وادی کے تمام تاریخی مساجد،خانقاہوں ، امام باڑوں ، آستانہ جات کی انتظامیہ کمیٹیوں اور ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ ان تاریخی مراکز کو آفات ناگہانی خصوصاً آگ سے بچاﺅ کیلئے جدید آلات اور وسائل سے استفادہ کریں ۔
میر واعظ نے کہا کہ ان مقدس عمارات کا محض رنگ و روغن کرنے سے ان کو ناگہانی آفات سے محفوظ نہیں رکھا جاسکتا بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مقامات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں پانی کی ترسیل اور آلات(Fire Extinguisher) کی تنصیب کو یقینی بنایا جاسکے تاکہ آگ جیسی ہولناک واردات کے نتیجے میں ان مقامات کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:میرواعظ نے آگ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا اور پولیس کے رول کی بھی ستائش کی
اس موقع پر میر واعظ عمر فاروق نے تاریخی بازار مسجد تعمیر نو کے سلسلے میں سماج کے ہر طبقے خاص طور پر صاحب حیثیت ، مشہور افراد اور کاروباری انجمنوں کے ذمہ داروں سے اس کی تعمیر کیلئے ہر ممکن مالی اور جنسی معاونت کی اپیل کی ہے ۔