سرینگر (جموں کشمیر) : میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ہفتے کو ایس کے آئی سی سی (SKICC)، سرینگر میں جاری قومی سطح کے کتاب میلے کا دورہ کیا اور وہاں کتابوں کے الگ الگ اسٹالز کا معائنہ کر کے کئی اہم مذہبی، تاریخی اور صوفی بزرگوں پر مبنی کتابیں بھی خریدیں۔ میرواعظ کشمیر نے پانچویں صدی میں لکھی گئی ’’تفسیر بغوی‘‘ جسے ’’معالم التنزیل‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو خریدا۔ تفسیر بغوی قرآن پاک کی قدیم تفاسیر میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ میرواعظ نے صوفی بزرگ شیخ محی الدین ابن عربی المعروف ’شیخ اکبر‘ کی تصانیف کے علاوہ کئی دیگر اسلامی کتابیں بھی حاصل کیں۔ وہیں کشمیر کی تاریخ سے متعلق بھی کئی کتابیں خریدنے میں میرواعظ نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کتابوں کے مختلف اسٹالز پر گئے اور ان اسٹالز پر رکھی گئی کتابوں سے متعلق اسٹال مالکان سے جانکاری حاصل کی۔ اس طرح انہوں نےقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اسٹال کے علاوہ کئی دیگر قومی اور مقامی سطح کے پببلشرز کے اسٹال مالکان سے بھی بات چیت کی۔
واضح رہے کہ ’’چنار بک فیسٹیول‘‘ کے نام سے قومی سطح کا یہ کتاب میلہ نیشنل بک ٹرسٹ، وزارت تعلیم حکومت ہند اور ضلع انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد کیا گیا۔ اس 9 روزہ کتاب میلہ کا آئندہ کل یعنی اتوار کو اختتام ہو رہا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا بڑا کتاب میلہ ہے جس میں تقریبا 3 سو سےزائد اسٹال لگائے گئے ہیں۔ جن میں انگریزی، اردو، کشمیری، ہندی، ڈوگری اور دیگر زبانوں کی کتابیں رکھی گئی ہیں۔ وہیں اس میں ملک کے نامی گرامی پبلشیرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس نمائش میں نہ صرف اسلامی، تاریخی، نصابی اور دیگر نوعیت کی کتابیں دستیاب رکھی گئی ہیں بلکہ فن ادب اور ثقافت سے متعلق بھی کتابوں کا ذخیرہ رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں 17 سے 25اگست تک قومی سطح کا کتاب میلہ ہوگا منعقد - Chinar Book Festival