سرینگر (جموں کشمیر) : حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم، کشمیری (رحمہ اللہ تعالیٰ) کی حیات مقدسہ اور تعلیمات عالیہ کو اسلامیان کشمیر کیلئے ہر دور میں مشعل راہ قرار دیتے ہوئے میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ’’ولی کامل کی دین اسلام اور اصلاح معاشرہ‘‘ کے تئیں انکی عظیم خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ ’’مخدوم صاحبؒ کی دینی، اصلاحی، روحانی اور سماجی خدمات کا حق اسی صورت میں ادا کیا جا سکتا ہے جب ہم ان کی توحید و رسالت اور کتاب و سنت سے عبارت زندگی کو اپنے سامنے رکھ کر معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔‘‘
مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے خطہ کشمیر کے اس عظیم سپوت اور دینی و روحانی پیشوا کو کشمیریوں کا حقیقی محسن قرار دیتے ہوئے انکے تقویٰ، دینداری، تعلق مع اللہ، اتباع سنت اور خدمت خلق کے جذبے کو اس عظیم روحانی پیشوا کے یوم وصال کے حوالے سے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ ’’دراصل اولیائے اسلام اور بزرگان دین کی تعلیمات جو بنیادی اعتبار سے قرآن و حدیث کی ہی تعلیمات کی تفصیل اور وضاحت ہوتی ہیں، ان پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے سے ہی ہم دنیا و آخرت میں اپنے سروں پر سرخروئی کا تاج سجا سکتے ہیں۔‘‘
میرواعظ نے کہا کہ ’’ہمارے اکابر میرواعظین اور اسلاف، پابندی سے حضرت شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ کے آستان عالیہ میں عقیدت و محبت سے ہمیشہ حاضری دیتے رہے ہیں اور حضرت سے روحانی فیض حاصل کرتے رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’آج ہمارا موجودہ سماج اور کشمیری معاشرہ جن سنگین اور تباہ کن برائیوں اور آلودگیوںکی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور ہماری نئی نسل جس تیزی سے منشیات اور سماجی برائیوںکی خوگر ہوتی جا رہی ہے اس نے پوری قوم کے سامنے ایک سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان بزرگان دین خاص طور پر حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی تعلیمات اور اصلاحی کوششوںکو نظر میں رکھ کر اپنے سماج سے ہر قسم کی برائیوں کے خاتمے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔‘‘ اس موقع پر میرواعظ نے حضرت مخدوم حمزہ کشمیریؒ کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعاؤں کی پیشوائی بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: وقف ترمیمی بل مذہبی معاملات میں مداخلت: میرواعظ کشمیر - MIRWAIZ ON WAQF AMENDMENT BILL