جموں: ادھم پور پولیس نے جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت عسکریت پسندوں کی مدد کرنے کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ملزم کی شناخت عبدالقیوم عرف بٹو کے طور پ کی گئی۔ وہ بسنت گڑھ کے کدواہ کا رہائشی ہے جبکہ اسے عسکریت پسند گروپس کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے اور سہولت کار کے طور پر کام کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
عبدالقیوم، جو خطے میں عسکریت پسندی سے متعلق متعدد واقعات سے منسلک رہا ہے، مبینہ طور پر علاقے میں سرگرم عسکریت پسند گروپوں کی مدد کرنے میں ملوث تھا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ مجرمانہ سرگرمیوں کے سلسلے میں بسنت گڑھ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ ادھم پور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے معاون کو حراست میں لیا گیا اور اس کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کاروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی عسکریت پسندی کو روکنے اور شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے پولیس کی جانب سے جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ: محکمہ جیولوجی اینڈ مائننگ پلوامہ کے اہلکار پر حملہ کرنے کے الزام دو افراد گرفتار - TWO HELD FOR THE ASSAULT IN PULWAMA
یہ اقدام دہشت گردی کی حمایت کرنے والے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کام کرنے والے افراد کے خلاف ادھم پور پولیس کی تیز کارروائیوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، ضلعی پولیس کے ترجمان نے کہا کہ عسکریت پسندی کے نیٹ ورکس کو روکنے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔