سرینگر: وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے پیش نظر سکیورٹی ، انتظامی اور پارٹی سطح پر تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ کشمیر سات مارچ کو متوقع ہے جس دوران وہ سرینگر میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے حوالے سے سکیورٹی اور انتظامی سطح پر تیاریاں شدومد سے جاری ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکریٹری اتل ڈھلو نے جمعرات کے روز وزیر اعظم کے دورے کومد نظر رکھتے ہوئے آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم مودی کا دورہ کشمیر سات مارچ کو متوقع ہے اور وہ سرینگر میں ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔
دریں اثنا بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے جمعرات کے روز سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم کے دورے کشمیر کو دیکھتے ہوئے تیاریوں کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم مودی کا مارچ میں کشمیر دورہ متوقع
انہوں نے کہا کہ دورے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں، جبکہ کارکنوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں میں بھی زبردست جوش دیکھا جارہا ہے۔ان کے مطابق پی ایم مودی کا کشمیر کے لوگ بے صبری کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں کیونکہ نریندر مودی کشمیریوں کو بے پناہ پیار و محبت دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے 20 فروری کو جموں کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے ایک بہت بڑی عوامی ریلی سے خطاب کیا اور 32,000 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا تھا۔
(یو این آئی)