اننت ناگ: ضلع اننت ناگ میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے کارکنوں نے مشترکہ طور پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا،جس کی صدارت نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر یوتھ سید سبا، این سی کے ترجمان اُمیش تلاشی کانگریس کے سینئر رہمنا شیخ پرنس نے کی۔
اس موقع پر دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کی ایک خاصی تعداد موجود رہی۔میٹنگ کے دوران کارکنوں کو اننت ناگ راجوری نشست کے لئے آنے والے انتخابات کے لئے مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلانے کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
مقررین نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ اننت ناگ راجوری لوک سبھا نشست پر نیشنل۔کانفرنس کے امیدوار میاں الطاف کو کامیاب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور مہم چلانے میں سرعت لائیں۔انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کے تحت امیدواروں کو کامیاب بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ملک اور جموں کشمیر کو بی جے پی کی حکمرانی سے آزاد کیا جائے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے رہنماؤں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں میاں الطاف کو پارلیمنٹ میں پہنچانے کے لئے کمر بستہ ہیں، جس میں انہیں عوام کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: اننت ناگ-راجوری نشست پر انتخابات مؤخر کرنے کا کوئی جواز نہیں: عمر عبداللہ
انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، اے ،بی اور سی ٹیموں کی صورت میں نیشنل کانفرنس کے خلاف کھڑے ہیں،اس کے باوجود بھی بی جے پی اور اس کی درپردہ اتحادی پارٹیوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اننت ناگ راجوری سیٹ پر انتخابات کو موخر کرنا چاہتی ہے۔