اننت ناگ: مراز ادبی سنگم اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین، اننت ناگ نے مشترکہ طور پر ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر محمد شفیع ایاز کی تحریر کردہ کتاب ’’دی ٹیل آف مائی ٹاؤن‘‘ نام کی کتاب کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ اس کتاب میں اننت ناگ کی تاریخ پر روشنی ڈالی گئی ہے اور اس میں اننت ناگ کے مختلف ادوار کا ذکر کیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں کے حوالے سے اننت ناگ شہر کے ماضی سے لے کر آج تک کی تفصیلی تاریخ بیان کی گئی ہے۔
تقریب کے آغاز میں مراز ادبی سنگم اور گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین کے ترانے بجائے گئے۔ پروفیسر مسروقہ قادری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مشتاق ضمیر نے تقریب کی کارروائی آگے بڑھائی جبکہ یوسف جہانگیر نے اجرا کی گئی کتاب پر تفصیلی مقالہ پیش کیا۔ اس موقع پر مراز ادبی سنگم نے ڈاکٹر شفیع ایاز کو اسناد و اعزاز سے نوازا۔ مصنف نے خود بھی اپنی تحریر کردہ کتاب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا: ’’ہر ایک شخص کو اپنے آبائی وطن کے ساتھ فطری محبت ہوتی ہے اور اس کی تاریخ جاننے کا جذبہ بھی ہوتاہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس کتاب کے ذریعے انہوں نے اپنے وطن ’’اننت ناگ‘‘ کی تاریخ کو جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔
ادبی تقریب کی صدارت کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ کے سابق ایچ او ڈی، پروفیسر فاروق فیاض نے کی جبکہ پرنسپل ڈگری کالج اننت ناگ، پروفیسر مسعود احمد ملک، مراز ادبی سنگم کے صدر علی شیدا، منظور احمد ٹاک سابق چیف کنزرویٹر فاریسٹ، سابق چیف انجینئر پاور ڈیولپمنٹ منظور احمد سلرو، خورشید ریشی سابق چیف ایجوکیشن آفیسر اننت ناگ بھی ایوان صدارت میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Sahitya Akademi Literary Event بجبہاڑہ میں ادبی تقریب کا انعقاد