سرینگر: کانگرس نے سابق رکن پارلیمنٹ چودھری لال سنگھ اور سابق وزیر رمن بھلا کو اُدھمپور اور جموں کی دو سیٹوں سے بطور امیدوار نامزد کیا ہے۔ کانگرس کی دلی الیکشن کمیٹی نے نئے فہرست میں ان دو لیڈران کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس نے ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کے لیے 45 امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کی، جس میں سب سے نمایاں نام پارٹی کی اتر پردیش یونٹ کے صدر اجے رائے کا ہے، جنہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف وارانسی سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کو ریاست کے راج گڑھ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
چودھری لال سنگھ اُدھمپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ،جبکہ رمن بھلا رکن پارلیمنٹ جگل کشور کے جموں نشست سے آمنے سامنے ہوں گے۔ چودھری لال سنگھ نے گزشتہ دنوں کانگرس میں واپسی کی۔ انہوں نے سنہ 2014 میں کانگرس کو الوداع کہا تھا اور بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، تاہم سنہ 2018 کے بعد انہوں نے بی جے پی سے استعفی دے کر علیحدہ سیاسی جماعت "ڈوگرہ سوبھیمان سنگھٹن" بنائی تھی۔ تاہم پارلیمنٹ انتخابات لڑنے کی لالچ سے انہوں نے اس پارٹی کو کانگرس میں ضم کرکے خود بھی اسی کا رکن بن گئے۔
مزید پڑھیں: لال سنگھ کی کانگریس میں گھر واپسی، جموں میں جشن
رمن بھلا ضلع جموں کے گاندھی نگر اسمبلی حلقے سے متعدد مرتبہ رکن رہے ہیں اور وہ سنہ 2008 میں کانگرس اور نیشنل کانفرنس کے مخلوط سرکار میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ کانگرس کے ان دو امیدواروں کو نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی جانب سے حمایت حاصل ہوگی کیونکہ یہ دونوں جماعتیں انڈیا الائنس کے شرکاء ہیں۔ نیشنل کانفرنس کو جموں اور اُدھمپور سیٹوں میں حمایت حاصل ہے، تاہم پی ڈی پی کو ان دو نشستوں میں نہ کے برابر حمایت ہے۔