سری نگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کے کپواڑہ میں چل رہے انکاؤنٹر میں ایک نامعلوم عسکریت پسند اور بھارتی فوج کا ایک نان کمیشنڈ آفیسر (این سی او) ہلاک ہو گئے۔
سرینگر میں قائم چنار کارپس نے ایکس پر پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ "کپواڑہ کے کووت علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ جانکاری کی بنیاد پر فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں کشمیر پولیس نے 23 سے 24 جولائی تک ایک مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ منگل کو علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی گئی۔ اس دوران مشتبہ افراد کو دیکھ کر الرٹ فوجیوں نے چیلنج کیا۔ جواب میں عسکریت پسندوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں یہ انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔
فوج نے مزید کہا گیا کہ اس تبادلے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔ اس کے علاوہ تصادم میں ایک این سی او افسر بھی زخمی ہوا ہے، جو بعد میں زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جب کہ فوج یا ضلع پولیس کپواڑہ نے زخمی فوجی کی موت کی تصدیق نہیں کی ہے، لیکن اطلاعات کے مطابق زخمی فوجی شدید زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔
تاحال تصادم آرائی جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت پہرے بٹھا دیے گئے ہیں۔