اننت ناگ: وادی کشمیر میں جہاں برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں پر جمع برف کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آئیں۔ ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں بھی سڑکوں پر برف جمع ہونے اور پھسلن کی وجہ سے جہاں عام مسافرین پریشان ہو گئے وہیں سیاحوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلگام جانے والی سڑک پر ٹریفک جام اور دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی۔
پہلگام جانے والے سڑک پر ٹریفک جام کی وجہ سے سیاحوں کو کئی گھنٹوں تک گاڑیوں میں ہی وقت گزارنا پڑا، شدید سردی کے باعث انہیں سخت دقتیں پیش آئیں۔ سیاحوں نے انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’محکمہ موسمیات نے پہلے ہی برفباری کی پیشگوئی کی تھی، مگر انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر برف ہٹانے کے لیے جلد از جلد خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سیاحوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب، مقامی آبادی درماندہ مسافروں اور سیاحوں کی مدد کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے آئی اور برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں ڈرائیوروں کی مدد کی۔ مقامی نوجوانوں نے برف میں پھنسی سیاحوں کی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، جس کی درماندہ مسافروں اور سیاحوں نے کافی ستائش کی، اور مقامی باشندوں نے پھر ایک بار کشمیری کے روایتی بھائی چارے کو قائم رکھا۔
مزید پڑھیں: برف میں پھنسے دولہے کو سی آر پی ایف نے کیا ریسکیو
مقامی نوجوانوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام کی جانب جانے والے سڑک پر جمی برف فوری طور پر صاف کی جائے تاکہ ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہ سکے۔ ادھر، محکمہ موسمیات نے اگلے روز بھی جنوبی کشمیر کے اضلاع میں برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔