سرینگر: بھارتی فوج نے بتایا کہ جمعرات کو یونین ٹیریٹری لداخ میں فوجی ساز و سامان کی مرمت کے دوران دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں سنکرا راؤ گوٹاپو اور حولدار شاہنواز احمد بٹ شامل ہیں۔ شاہنواز احمد بٹ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے دیوسر علاقے کا رہائشی ہے۔ فوج کی فائر اینڈ فیوری کور نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اس کی اطلاع دی۔
فائر اینڈ فیوری کور کے مطابق جمعرات یعنی 11 جولائی 2024 کو تقریبا رات دس بجے فوجی ساز و سامان کی مرمت کے دوران سی ایف این (cfn) سنکرا راؤ گوٹاپو کو حادثاتی طور دھماکہ خیز جز پھٹنے کی وجہ سے مہلک چوٹیں آئیں۔ جبکہ اس حادثہ میں شاہنواز احمد بٹ کو بھی شدید چوٹیں آئیں اور اسے مزید علاج کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے لیہہ منتقل کیا گیا تاہم طبی عملے کی کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔شاہنواز ضلع کولگام کے ساہو، دیوسر علاقے کا رہائشی ہے۔
فوج نے لداخ میں تعینات ان بہادر سپاہیوں کے نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فوج کے ترجمان نے مزید کہا: ’’جی او سی فائر اینڈ فیوری کور اور آل رینک 11 جولائی 24 کو لداخ میں ڈیوٹی کے دوران سب سے بڑی (جانی) قربانی دینے والے بہادروں کو سلام پیش کرتے ہیں اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ‘‘
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر ماہ میں یو ٹی لداخ میں برفانی تودے کے نیچے دب کر تین فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی تاہم ان فوجیوں کی لاشیں چند روز قبل ہی قریب نو ماہ بعد بازیاب کر لی گئی تھی۔ وہیں دوسری جانب صوبہ جموں کے کٹوعہ ضلع میں بھی فوج کو بھی اس وقت بھاری جانی نقصان سے دوچار ہونا پڑا جب عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ اس حملے میں پانچ فوجی اہلکار ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ حالانکہ فوج اور پولیس نے حملے کے فوراً بعد برے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے تاہم عسکریت پسندوں کو پکڑنے میں ابھی تک کوئی بھی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کے لیے پچاس سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کٹھوعہ عسکری حملے میں پانچ فوجی اہلکار ہلاک، پانچ زخمی - KATHUA ATTACK